ممبئی،20مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مشہور مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ان این جی او اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آرایف) کی 18.37 کروڑ روپے کی جائیدادضبط کرلی ہے۔ای ڈی نے پیر کو نائیک کے این جی اوآئی آرایف کے خلاف منی لانڈرنگ معاملے میں یہ کارروائی کی ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے این آئی اے کی طرف سے نومبر 2016 میں ریکارڈ ایف آئی آر کو بنیاد بناتے ہوئے منی لانڈرنگ معاملے میں نائیک کے این جی او کے خلاف کیس درج کیا تھا۔
ای ڈی نے جائیدادضبط کرتے ہوئے آئی آرایف کے تقریبا 9 کروڑ روپے کے باہمی فنڈ، 68 لاکھ روپے کی قیمت کا ایک گودام، 7 کروڑ روپے قیمت کی ایک بلڈنگ اور 5 بینک اکاؤنٹ جن میں پائے گئے تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے ضبط کرلئے گئے ہیں۔ فی الحال ای ڈی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔وہیں این آئی اے نے بھی پیر کو ذاکر نائیک کو دوسرا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف درج ایک کیس میں 30 مارچ کو پیش ہونے کو کہا ہے۔ ایجنسی نے اس سے پہلے انہیں 14 مارچ کو پیش ہونے کو کہا تھا لیکن وہ نہیں آئے۔ نائیک کو این آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا ہے۔
ذکرنائیک کو پیش ہونے کے لئے یہ نوٹس ان کے ممبئی میں واقع گھر میں بھیجا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ذاکرنائیک ان دنوں سعودی عرب میں رہ رہے ہیں۔ بتاتے چلیں کہ حکومت نے نائیک کے ادارے آئی آرایف کو غیر قانونی سرگرمی (روک تھام) ایکٹ کے تحت غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے 5 سال کے لئے پابندی عائد کر دی تھی۔